وائیکنگ تہذیب: حقیقت، افسانہ اور تاریخی پس منظر

وائیکنگ تہذیب: حقیقت، افسانہ اور تاریخی پس منظر

یہ تحریر وائیکنگز کے بارے میں پائے جانے والے عام تصورات اور تاریخی حقائق کے درمیان فرق کو واضح کرتی ہے۔ آٹھویں سے گیارہویں صدی تک اسکینڈینیویا سے تعلق رکھنے والے وائیکنگز کو عموماً خونخوار جنگجو سمجھا جاتا ہے، حالانکہ وہ ماہر تاجر، کسان، جہاز ساز اور منظم سماجی نظام رکھنے والی قوم بھی تھے۔ ان کا مذہب نورس عقائد پر مبنی تھا جو بعد میں عیسائیت سے تبدیل ہوگیا۔ برطانیہ پر ان کے حملوں اور وہاں آبادکاری نے یورپی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ جدید تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ سینگوں والے خود اور محض وحشی ہونے جیسے تصورات افسانوی ہیں، جبکہ حقیقت میں وائیکنگز ایک منظم، ہنر مند اور ترقی یافتہ تہذیب کے حامل

وائی کنگز کی تہذیب: حقیقت، افسانہ اور تاریخی بیانیہ


تحریر : عروبہ شہزاد

 
تاریخ میں بعض اقوام ایسی گزری ہیں جنہیں وقت کے ساتھ ساتھ افسانوی رنگ دے دیا گیا۔ وائی کنگز بھی انہی میں سے ایک ہیں۔ عام تصور میں وائی کنگز کو خونخوار، سینگوں والے خود پہننے والے جنگجوؤں کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، مگر جدید تحقیق اس تصویر کو مکمل طور پر درست نہیں مانتی۔ آٹھویں سے گیارہویں صدی تک شمالی یورپ سے تعلق رکھنے والے یہ لوگ نہ صرف مہم جو اور جنگجو تھے بلکہ ماہر تاجر، جہاز ساز اور سماجی نظم رکھنے والی قوم بھی تھے۔
ان کا تعلق موجودہ ناروے, سویڈن اور ڈنمارک سے تھا۔ ان کے دور کو عموماً 793ء سے 1066ء تک "وائی کنگ ایج" کہا جاتا ہے۔ وائی کنگز کیسے لوگ تھے؟


لفظ "وائی کنگ" قدیم زبان اولڈ نورس (Old Norse) سے نکلا ہے، جس کا مطلب تقریباً "سمندری حملہ" یا " کسی علاقے پر چھاپہ مارنا اور لوٹ مار کرنا"ہے۔ جو لوگ جہازوں پر سوار ہو کر بیرونِ ملک لوٹ مار یا مہم جوئی کے لیے جاتے تھے، انہیں کہا جاتا تھا کہ وہ "وائی کنگ پر جا رہے ہیں"۔
لیکن یہ سمجھنا درست نہیں کہ تمام وائی کنگ صرف خونریز جنگجو تھے۔ اگرچہ ان میں کچھ ایسے ضرور تھے جو حملوں میں حصہ لیتے تھے، مگر بہت سے لوگ پرامن مقاصد کے لیے بھی سفر کرتے تھے۔ وہ نئی زمینوں پر جا کر آباد ہوتے، کھیتی باڑی کرتے، مویشی پالتے اور اپنی بستیوں کو منظم طریقے سے چلاتے تھے۔وائی کنگز ہنر مند کاریگر بھی تھے۔ وہ دھات سے خوبصورت زیورات اور ہتھیار بناتے، جبکہ لکڑی پر نفیس نقش و نگار تراشتے تھے۔ ان کے بنائے ہوئے جہاز، زیورات اور لکڑی کے کام آج بھی ان کی فنی مہارت کا ثبوت سمجھے جاتے ہیں۔یوں وائی کنگز کو صرف جنگجو کہنا ان کی مکمل شناخت بیان نہیں کرتا، کیونکہ وہ کسان، تاجر اور فنکار بھی تھے۔ 
  مذہبی عقائد اور ثقافت  میں وائی کنگز کا مذہب نورس (Norse) کہلاتا تھا۔ وہ مختلف دیوتاؤں پر ایمان رکھتے تھے، جن میں Odin کو حکمت کا دیوتا اور Thor کو طاقت اور بجلی کا دیوتا سمجھا جاتا تھا۔ان کی کہانیاں اور رزمیہ داستانیں بعد میں "ساگا" (Sagas) کی شکل میں قلم بند ہوئیں، جو آج بھی اسکینڈینیوین ادب کا اہم حصہ ہیں۔گیارہویں صدی تک عیسائیت کے پھیلاؤ نے نورس مذہب کی جگہ لے لی، جس کے بعد ان کی مذہبی شناخت میں نمایاں تبدیلی آئی۔
865 عیسوی میں وائی کنگز کا ایک طاقتور لشکر شمالی سمندر پار کر کے برطانیہ کی طرف بڑھا۔ اس بار ان کا مقصد صرف ساحلی علاقوں پر اچانک حملے کرنا نہیں تھا بلکہ مستقل طور پر زمین پر قبضہ کر کے اپنی حکمرانی قائم کرنا تھا۔866 عیسوی میں انہوں نے پہلی مرتبہ برطانیہ میں سردیوں کا قیام کیا۔ یہ قدم اس بات کا واضح اشارہ تھا کہ وہ وقتی حملہ آور نہیں بلکہ یہاں طویل عرصے تک رہنے کا ارادہ رکھتے تھے۔اگلے چند سالوں میں وائی کنگ فوج نے شمالی انگلینڈ میں مسلسل جنگیں لڑیں اور اینگلو سیکسن ریاستوں کو ایک ایک کر کے اپنے قبضے میں لینا شروع کیا۔ نارتھمبریا، ایسٹ اینگلیا اور مرشیا کا بڑا حصہ ان کے زیرِ اثر آ گیا۔
878 عیسوی تک صورتِ حال یہ تھی کہ تقریباً تمام بڑی ریاستیں وائی کنگز کے قبضے میں جا چکی تھیں۔ صرف ویسیکس کی ریاست باقی تھی، جس پر بادشاہ الفریڈ اعظم حکومت کر رہا تھا۔ الفریڈ نے ایک اہم معرکے میں وائی کنگز کو شکست دی، تاہم وہ انہیں مکمل طور پر برطانیہ سے بے دخل نہ کر سکا، اور یوں دونوں قوتوں کے درمیان طاقت کا توازن قائم رہا۔
اس جنگ کے بعد ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت انگلینڈ کا ایک بڑا حصہ وائی کنگز کے زیرِ اثر رہا، جبکہ ویسیکس الفریڈ کے قبضے میں برقرار رہا۔ اس معاہدے نے وقتی طور پر امن قائم کیا اور سرحدوں کا تعین کیا گیا۔الفریڈ اعظم نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی فوج کو منظم کیا، قلعہ بند شہر تعمیر کروائے اور بحری طاقت کو مضبوط بنایا تاکہ مستقبل میں وائی کنگ حملوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ ان اصلاحات کی بدولت ویسیکس ایک مضبوط ریاست کے طور پر ابھرا، اور بعد کے ادوار میں یہی بنیاد انگلینڈ کے متحدہ بادشاہت کی تشکیل کا سبب بنی۔
یوں 878 عیسوی کا یہ مرحلہ نہ صرف وائی کنگز کی پیش قدمی کو روکنے میں اہم ثابت ہوا بلکہ انگلینڈ کی سیاسی تاریخ میں بھی ایک فیصلہ کن موڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔
وائی کنگز کے بارے میں حقیقت اور افسانے کے درمیان واضح فرق پایا جاتا ہے۔ سب سے مشہور تصور یہ ہے کہ وہ سینگوں والے خود پہنتے تھے، حالانکہ آثارِ قدیمہ میں اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ یہ خیال دراصل انیسویں صدی کے یورپی تھیٹر اور فنونِ لطیفہ کے ذریعے مقبول ہوا اور بعد میں فلموں اور ڈراموں نے اسے مزید پھیلا دیا۔ اسی طرح انہیں صرف خونریز اور وحشی حملہ آور سمجھا جاتا ہے، جبکہ تاریخی شواہد بتاتے ہیں کہ وہ نہ صرف جنگجو تھے بلکہ بین الاقوامی تجارت میں بھی اہم کردار ادا کرتے تھے۔ ان کے تجارتی روابط مشرقی یورپ اور بازنطینی سلطنت تک پھیلے ہوئے تھے۔ مزید یہ کہ انہیں غیر مہذب قوم قرار دینا بھی درست نہیں، کیونکہ تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے ہاں باقاعدہ قانون، سماجی نظم و ضبط اور فنِ تعمیر کی مہارت موجود تھی۔ ان کی قبروں، زیورات اور جہاز سازی کی اعلیٰ مثالیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ وہ ایک منظم اور ترقی یافتہ تہذیب کے حامل تھے۔برطانیہ میں وائی کنگ حملوں اور ان کی آبادکاری کے بارے میں زیادہ تر تحریری شواہد انگریزی نقطۂ نظر سے ملتے ہیں۔ ان میں سب سے اہم اینگلوسیکسَن کرانیکلز (Anglo-Saxon Chronicles) اور بعد کے قرون وسطیٰ کے تاریخی مصادر جیسے تاریخیں اور نظم و شاعری شامل ہیں۔
ان  حوالہ جات سے  اکثر وائی کنگز کو خونخوار جنگجو کے طور پر پیش کرتے ہیں، جبکہ ویسیکس کے لوگ اور بادشاہ ‘انگلینڈ’ کے بہادر محافظ کے طور پر دکھائے جاتے ہیں۔ وائی کنگز خود وائی کنگ ایج (700-1100 عیسوی) کے دوران زیادہ تر تحریری ریکارڈ نہیں چھوڑے، اگرچہ وہ رُنس (runes) لکھنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ تیرہویں صدی کی تحریریں ایسی کہانیوں کو درج کرتی ہیں جو صدیوں تک زبانی روایت کے ذریعے منتقل ہوتی رہی تھیں۔ وائی کنگز کو صرف وحشی حملہ آور کے طور پر پیش کرنا درست نہیں ہے۔ جدید تحقیق بتاتی ہے کہ وہ ایک متنوع قوم تھی، جو صرف جنگجو نہیں بلکہ مہم جو، تاجر، قانون ساز اور فنون و ثقافت میں بھی مہارت رکھتے تھے۔حقیقت اور افسانے کے ملاپ نے وائی کنگز کے بارے میں غلط تصورات پیدا کیے ہیں، لیکن تاریخی شواہد کی بنیاد پر ان کی اصل زندگی اور سماجی تنظیم کو سمجھنا ممکن ہے۔


Related News

معرکۂ حق ،   اتحاد، قربانی اور قومی عزم کی روشن مثال
معرکۂ حق ، اتحاد، قربانی اور قومی عزم کی روشن مثال
معرکۂ حق قومی اتحاد، قربانی اور بہادری کی علامت ہے، جس نے پاکستانی قوم کے حوصلے اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید...
قدرت کا شاہکار: پریگرین فالکن کی رفتار اور جدید ہوابازی کی تحریک
قدرت کا شاہکار: پریگرین فالکن کی رفتار اور جدید ہوابازی کی تحریک
پریگرین فالکن دنیا کی تیز ترین پرندہ ہے جو شکار کے دوران حیرت انگیز رفتار حاصل کرتا ہے۔ اس کے جسم کی منفرد ساخ...
زمین پر درخت کہکشاں کے ستاروں سے زیادہ: ایک حیران کن سائنسی انکشاف
زمین پر درخت کہکشاں کے ستاروں سے زیادہ: ایک حیران کن سائنسی انکشاف
سائنسی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 3 کھرب درخت موجود ہیں، جو کہکشاں Milky Way کے اندازاً ستاروں سے بھی...
اسٹیویا: صحت مند زندگی کے لیے قدرتی مٹھاس
اسٹیویا: صحت مند زندگی کے لیے قدرتی مٹھاس
اسٹیویا ایک قدرتی پودا ہے جو عام چینی کے مقابلے میں زیادہ میٹھا مگر تقریباً بغیر کیلوریز کے ہوتا ہے۔ یہ خصوصیت...
چنگ شیہ — تاریخ کی سب سے طاقتور خاتون سمندری ڈاکو
چنگ شیہ — تاریخ کی سب سے طاقتور خاتون سمندری ڈاکو
چنگ شیہ، جنہیں Ching Shih اور Zheng Yi Sao کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، تاریخ کی سب سے کامیاب اور بااثر خاتون س...
وجدان کی پوشیدہ طاقت: شعور اور لاشعور کا پل
وجدان کی پوشیدہ طاقت: شعور اور لاشعور کا پل
یہ تحریر وجدان (Intuition) کی حقیقت اور اس کی نفسیاتی و فلسفیانہ اہمیت کو بیان کرتی ہے۔ وجدان دماغ کی وہ لاشعو...