بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات، امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال

بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات، امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات میں زیارت سانحے کی تحقیقات، آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد، سیاسی مکالمے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زیارت سانحے کے متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی اور ان کے جائز مطالبات کی تکمیل کے لیے حکومت نے عملی اقدامات کیے ہیں، جبکہ لواحقین کے مطالبے پر سانحے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن اور سیاسی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں پارلیمان کے اندر اور باہر موجود سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے زیارت سانحے کے لواحقین کے مسائل کے حل اور مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کا پائیدار حل صرف مذاکرات اور سیاسی مکالمے میں ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ بامقصد سیاسی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پارٹی کے غیر متزلزل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی دہشت گردی کے ناسور کے خلاف ریاستی اداروں اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

 

 

Keywords : Bilawal Bhutto Zardari, Sarfraz Bugti, Balochistan Security, All Parties Conference


Related News

UN Chief Antonio Guterres Praises Pakistan’s Contribution to UN Peacekeeping Missions
UN Chief Antonio Guterres Praises Pakistan’s Contribution to UN Peacekeeping Missions
President Asif Ali Zardari Condemns Ziarat Police Check Post Attack, Pays Tribute to Martyred Officers
President Asif Ali Zardari Condemns Ziarat Police Check Post Attack, Pays Tribute to Martyred Officers
ALI MADAD JATTAK HALF BARDARI
ALI MADAD JATTAK HALF BARDARI
cm balochistan 21st meeting hardcore
cm balochistan 21st meeting hardcore
Deputy Speaker Assembely of balochistan
Deputy Speaker Assembely of balochistan
cm balochistan meeting against violence
cm balochistan meeting against violence