ہارمونل عدم توازن اور ہماری خوراک

ہارمونل عدم توازن اور ہماری خوراک

یہ تحریر ہارمونل عدم توازن کے مسئلے اور اس کے ہماری صحت پر اثرات کو اجاگر کرتی ہے۔ مضمون میں بتایا گیا ہے کہ ہارمونز جسم کے اہم نظام کو کنٹرول کرتے ہیں اور ان میں بگاڑ وزن، نیند، موڈ اور مجموعی صحت کو متاثر کرتا ہے۔ اس عدم توازن کی ایک بڑی وجہ غیر صحت مند خوراک اور ناقص طرزِ زندگی ہے۔ متوازن، قدرتی غذا، مناسب پروٹین، صحت مند چکنائیاں، فائبر، ورزش اور اچھی نیند کے ذریعے ہارمونل صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ مضمون اس بات پر زور دیتا ہے کہ خوراک اور عادات میں مثبت تبدیلیاں ایک صحت مند اور پُرسکون زندگی کی بنیاد ہیں۔

ہارمونل عدم توازن اور ہماری خوراک


تحریر: عروبہ شہزاد

 
آج کے جدید اور تیز رفتار طرزِ زندگی میں انسان بظاہر سہولتوں سے گھرا ہوا ہے، مگر صحت کے مسائل بھی اسی رفتار سے بڑھ رہے ہیں۔ انہی مسائل میں ایک خاموش مگر گہرا اثر رکھنے والا مسئلہ ہارمونل عدم توازن ہے، جسے اکثر لوگ نظرانداز کر دیتے ہیں۔ حالانکہ ہمارے جسم کا پورا نظام ہارمونز کے سہارے چلتا ہے اور ذرا سا بگاڑ بھی زندگی کے معمولات کو متاثر کر دیتا ہے۔
ہارمونز دراصل جسم کے وہ کیمیائی پیغام رساں ہوتے ہیں جو دماغ سے نکل کر مختلف اعضا کو یہ ہدایات دیتے ہیں کہ کب کیا کرنا ہے۔ نیند، بھوک، وزن، موڈ، توانائی، ماہواری، شوگر اور حتیٰ کہ ذہنی کیفیت تک ہارمونز کے زیرِ اثر ہوتی ہے۔ جب یہ ہارمونز اپنی قدرتی مقدار سے کم یا زیادہ ہو جائیں تو جسم ہمیں مختلف علامات کے ذریعے خبردار کرنے لگتا ہے۔
ہارمونل عدم توازن کی عام علامات میں بلا وجہ وزن کا بڑھ جانا یا کم ہو جانا، ہر وقت تھکن، چڑچڑاپن، بے چینی، ڈپریشن، نیند کی کمی، بالوں کا گرنا، جلد کے مسائل اور خواتین میں ماہواری کی بے قاعدگی شامل ہیں۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ہم ان علامات کو وقتی کمزوری سمجھ کر نظرانداز کر دیتے ہیں، جبکہ اصل وجہ ہماری روزمرہ خوراک اور طرزِ زندگی میں چھپی ہوتی ہے۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ ہماری خوراک ہارمونز کی تیاری اور توازن میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ جنک فوڈ، فاسٹ فوڈ، ضرورت سے زیادہ چینی، سفید آٹا اور کیمیکلز سے بھرپور غذائیں ہارمونز کو بگاڑ دیتی ہیں۔ اس کے برعکس سادہ، قدرتی اور متوازن غذا جسم کو دوبارہ توازن کی طرف لے آتی ہے۔
پروٹین سے بھرپور غذائیں جیسے انڈے، دالیں، چنا، لوبیا، دہی اور مچھلی ہارمونز کی درست تیاری میں مدد دیتی ہیں۔ اسی طرح صحت مند چکنائیاں مثلاً زیتون کا تیل، اخروٹ، السی اور چیا سیڈز ہارمونل نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔ فائبر والی غذائیں جیسے سبزیاں، پھل اور ثابت اناج : جسم سے فاضل ہارمونز اور زہریلے مادے خارج کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، میتھی اور ساگ کو خوراک کا حصہ بنانا ہارمونل صحت کے لیے نہایت مفید ہے، کیونکہ ان میں ایسے معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو جسم کے اندرونی نظام کو سہارا دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سفید آٹے اور چینی کے بجائے براؤن چاول، جو اور اوٹس کا استعمال انسولین لیول کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
دوسری جانب کچھ غذائیں ایسی ہیں جن سے پرہیز بے حد ضروری ہے۔ فاسٹ فوڈ، تلی ہوئی اشیا، میٹھے مشروبات، پیکٹ فوڈ اور ضرورت سے زیادہ کیفین ہارمونل نظام کو مزید خراب کر سکتی ہیں۔خوراک کے ساتھ ساتھ طرزِ زندگی میں چند آسان تبدیلیاں بھی بے حد مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔ روزانہ ہلکی پھلکی ورزش، پوری نیند، پانی کا مناسب استعمال اور ذہنی دباؤ کو کم کرنا ہارمونل توازن کے لیے نہایت اہم ہے۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ہارمونل عدم توازن کوئی وقتی مسئلہ نہیں، بلکہ یہ ہماری عادات اور خوراک کا عکس ہوتا ہے۔ اگر ہم اپنی پلیٹ کو درست کر لیں اور زندگی میں اعتدال اپنا لیں تو جسم خود ہی شفا کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔ یاد رکھیے، متوازن ہارمونز ہی ایک صحت مند، پُرسکون اور فعال زندگی کی ضمانت ہیں۔


Related News

قلات میں آڑو کی فصل عروج پر، مقامی معیشت کو فروغ ملنے لگا
قلات میں آڑو کی فصل عروج پر، مقامی معیشت کو فروغ ملنے لگا
قلات میں آڑو کی چنائی زور و شور سے جاری ہے اور روزانہ بڑی مقدار میں تازہ پھل ملک کی مختلف منڈیوں میں بھیجا جا...
مصنوعی ذہانت: تعلیم کے لیے نعمت یا چیلنج؟
مصنوعی ذہانت: تعلیم کے لیے نعمت یا چیلنج؟
مصنوعی ذہانت تعلیم کے شعبے میں سیکھنے کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، مگر اس کا غیر ذمہ دارانہ استعمال طلبہ کی تخ...
نوشکی کے میٹھے انگوروں کی بہار، فصل کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع
نوشکی کے میٹھے انگوروں کی بہار، فصل کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے اعلیٰ معیار اور قدرتی مٹھاس سے بھرپور انگور ملک بھر کی منڈیوں میں پہنچنا شروع ہوگئے ہ...
بڑھتی ہوئی گرمی اور عالمی حدت: تبدیلی کا آغاز ہم سے
بڑھتی ہوئی گرمی اور عالمی حدت: تبدیلی کا آغاز ہم سے
شدید گرمی اور موسمیاتی تبدیلی اب پوری دنیا کے لیے ایک سنگین حقیقت بن چکی ہے۔ اگر ہم توانائی اور پانی کے درست ا...
قانونِ مفروضہ : کیا ہماری سوچ واقعی ہماری حقیقت بن سکتی ہے؟
قانونِ مفروضہ : کیا ہماری سوچ واقعی ہماری حقیقت بن سکتی ہے؟
قانونِ مفروضہ (لا آف اسمپشن) کے مطابق انسان جن خیالات اور یقین کو اپنی حقیقت مان لیتا ہے، وہی اس کے رویوں اور...
بارکھان کے مشہور گاجا سیب چند دنوں میں ملک بھر کی منڈیوں کی زینت بن جائیں گے
بارکھان کے مشہور گاجا سیب چند دنوں میں ملک بھر کی منڈیوں کی زینت بن جائیں گے
ضلع بارکھان کے علاقے بغاؤ میں گاجا سیب کی فصل تیار ہو چکی ہے اور آئندہ چند روز میں توڑائی کے بعد یہ ملک بھر کی...