لائبہ اسحاق خان پاکستان کی پہلی خاتون انٹرنیشنل باسکٹ بال آفیشل بن گئیں
بلوچستان سے تعلق رکھنے والی لائبہ اسحاق خان نے اسٹیٹسٹیشن اور ٹیبل آفیشل کے بین الاقوامی کورسز مکمل کر کے پاکستان کی پہلی خاتون انٹرنیشنل باسکٹ بال آفیشل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے نوجوان لڑکیوں پر زور دیا کہ محنت، عزم اور والدین کے اعتماد سے ہر خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔
کوئٹہ: بلوچستان سے تعلق رکھنے والی لائبہ اسحاق خان نے پاکستان کی پہلی خاتون انٹرنیشنل باسکٹ بال آفیشل بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے ایشیا کے تحت اسٹیٹسٹیشن اور ٹیبل آفیشل کے دو بین الاقوامی کورسز کامیابی سے مکمل کیے، جس کے بعد انہیں چار سال کے لیے بین الاقوامی لائسنس حاصل ہو گیا۔
لائبہ اسحاق خان نے بتایا کہ ان کا باسکٹ بال کا سفر اتفاقاً شروع ہوا، تاہم وہ اسے اللہ تعالیٰ کی مشیت قرار دیتی ہیں۔ ان کے مطابق ان کے کوچ سر احمد نے سائیکلنگ کے دوران ان کی صلاحیتوں کو دیکھا اور انہیں باسکٹ بال کے میدان میں آنے کی ترغیب دی، جس کے بعد انہوں نے اسی شعبے میں اپنی شناخت بنائی۔انہوں نے حال ہی میں بلوچستان کی نمائندگی صرف ایک کھلاڑی کے طور پر نہیں بلکہ ٹیبل آفیشل کے طور پر بھی کی۔
لائبہ، جو پشتون اور کاکڑ قبیلے سے تعلق رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے کے باعث انہیں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ان کے والدین نے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا اور ان پر بھرپور اعتماد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ لڑکوں کے باسکٹ بال میچز میں بھی ٹیبل آفیشل کے فرائض انجام دیتی ہیں، جہاں انہیں ہمیشہ عزت، احترام اور بھرپور تعاون ملا۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں مشکلات ہر انسان کے حصے میں آتی ہیں، لیکن اگر انسان محنت کرے اور اپنے خاندان کا اعتماد حاصل ہو تو کوئی بھی منزل ناممکن نہیں رہتی۔
لائبہ اسحاق خان نے پاکستان خصوصاً بلوچستان کی نوجوان لڑکیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں ہر شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی اس کامیابی پر فخر ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ مزید لڑکیاں کھیلوں سمیت ہر میدان میں آگے بڑھیں، اپنے خواب پورے کریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
.jpeg)
Keywords : Laiba Ishaq Khan, International Basketball Official, Women in Sports, Balochistan