بلوچستان میں نئی انتظامی تقسیم، کوئٹہ مشرقی اور مغربی اضلاع میں تقسیم
حکومت بلوچستان نے نئی انتظامی تقسیم کے تحت صوبے میں ڈویژنز اور اضلاع کی تعداد بڑھاتے ہوئے ضلع کوئٹہ کو مشرقی اور مغربی کوئٹہ میں تقسیم کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مستونگ کو بھی قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ صوبے میں اب 11 ڈویژنز اور 41 اضلاع ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبے میں انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل کے تحت نئے ڈویژنز، اضلاع، سب ڈویژنز، تحصیلوں اور سب تحصیلوں کے قیام کے ساتھ موجودہ انتظامی حدود میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ریونیو بلوچستان نے 8 جولائی کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان میں ڈویژنز کی تعداد بڑھ کر 11 جبکہ اضلاع کی تعداد 41 ہو گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی بتایا گیا ہے۔
اہم فیصلوں میں ضلع کوئٹہ کو ریلوے لائن کی بنیاد پر دو الگ اضلاع، مشرقی کوئٹہ (ایسٹ کوئٹہ) اور مغربی کوئٹہ (ویسٹ کوئٹہ) میں تقسیم کرنا شامل ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایسٹ کوئٹہ میں صدر، سٹی اور سریاب سب ڈویژنز شامل ہوں گی، جبکہ ویسٹ کوئٹہ میں کچلاک، نو قائم شدہ بریوری اور پنجپائی سب ڈویژنز شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بریوری تحصیل بھی قائم کر دی گئی ہے۔
حکومت بلوچستان نے ایک اور اہم انتظامی تبدیلی کے تحت ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کر دیا ہے، جس کے بعد کوئٹہ ڈویژن میں اضلاع کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نئی انتظامی تقسیم سے گورننس کو بہتر بنانے، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے اور عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

Keywords : Balochistan, Quetta Districts, Administrative Reforms, Revenue Department