بلوچستان میں 23 جولائی تک بارشوں اور فلیش فلڈ کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
پی ڈی ایم اے نے 17 سے 23 جولائی تک بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارشوں، آندھی، گرج چمک اور فلیش فلڈ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے جبکہ شہریوں کو برساتی ندی نالوں سے دور رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کوئٹہ: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ پیشگی وارننگ کے بعد بلوچستان میں 17 سے 23 جولائی تک بارشوں، آندھی، گرج چمک اور مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے مقامی سطح پر فلیش فلڈ کا خطرہ پیدا ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ژوب اور شیرانی میں دریائے ژوب اور اس کی معاون ندیوں جبکہ موسیٰ خیل میں دریائے کنگری کے اطراف فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ لورالائی، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، سبی، کچھی (بولان)، کوہلو، بارکھان، قلات، سوراب، خضدار، ڈیرہ بگٹی، لہڑی، نصیر آباد، جھل مگسی اور جعفر آباد کے پہاڑی ندی نالے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز فوری طور پر فعال رکھنے اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافے کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا پی ڈی ایم اے کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 1129 پر اطلاع دیں۔

Keywords : NDMA Balochistan, Flash Flood Alerts, Monsoon Rains, NDMA