چینی قونصل خانے کے تعاون سے گوادر کے اہم علاقے سولر اسٹریٹ لائٹس سے روشن
کراچی میں چین کے قونصل خانے کے تعاون سے گوادر کے اہم شاہراہوں، چوراہوں اور عوامی مقامات پر سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کر دی گئی ہیں۔ اس منصوبے سے رات کے وقت آمد و رفت میں آسانی، شہری سہولیات میں بہتری اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔
گوادر: چین کے قونصل خانے کراچی کی جانب سے عوامی فلاحی منصوبے کے تحت گوادر کے اہم شاہراہوں، چوراہوں اور عوامی مقامات کو شمسی توانائی سے چلنے والی جدید اسٹریٹ لائٹس سے روشن کر دیا گیا ہے، جس سے شہری انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات میں بہتری آئی ہے۔
منصوبے کے تحت ملا فضل چوک، گلیگ منڈی، گزرواں، بلوچ وارڈ، فش ہاربر روڈ، پدی زر بیچ، ڈسٹرکٹ سول اسپتال، جی ڈی اے انڈس اسپتال اور بی اینڈ آر روڈ سے شاہین چوک تک سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں، جس سے رات کے وقت آمد و رفت محفوظ اور آسان ہو گئی ہے۔
مقامی شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے گوادر کے عوام کے لیے چین کا ایک قیمتی تحفہ قرار دیا ہے۔ میئر گوادر مجید جوہر نے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ مراحل میں شہر کے دیگر علاقوں کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ چینی قونصل خانے کی معاونت سے مکمل کیا گیا ہے اور یہ گوادر میں جاری عوامی فلاحی اقدامات کا حصہ ہے۔

Keywords : Gawadar, Solar Streetlights, China, Urban Development