ڈیجیٹل کمپلینٹ پورٹل کے ذریعے عوامی شکایات پر فوری کارروائیاں، حکومت بلوچستان متحرک
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت ڈیجیٹل کمپلینٹ پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ محکمے فوری کارروائیاں کر رہے ہیں۔ لسبیلہ میں واٹر ٹینکر مافیا کے خلاف آپریشن، پانی چوری کی روک تھام اور گنداخہ سمیت متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز عسکر خان کی زیرِ نگرانی قائم ڈیجیٹل کمپلینٹ پورٹل عوامی شکایات کے فوری ازالے کا مؤثر ذریعہ بن گیا ہے۔ پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ محکموں تک پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ عوامی مسائل کا بروقت، مؤثر اور شفاف حل یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق گزشتہ روز اخبارات میں شائع ہونے والی مختلف عوامی شکایات پر بھی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ لسبیلہ کینال میں واٹر ٹینکر مافیا اور پانی چوری کی شکایات پر محکمہ آبپاشی، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ غیر قانونی طور پر پانی چوری میں ملوث ٹینکروں کے خلاف سخت آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
اسی طرح زمینداروں کی شکایات پر محکمہ آبپاشی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گنداخہ اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی ہے۔ حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ عوامی شکایات پر فوری کارروائی اور مؤثر ریلیف کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ڈیجیٹل کمپلینٹ پورٹل عوام اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطے کا اہم ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔
Keywords : Digital Complaint Portal, Balochistan Government, Water Theft Crackdown, Public Service Delivery