وزیراعلیٰ بلوچستان کی کراچی رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی میں پاکستان رینجرز کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھے گی۔
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ دہشت گرد کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے حملے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہیں گی۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کار اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور قومی اتحاد، مضبوط عزم اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے دہشت گردوں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے، ریاستی پالیسی اور سیکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا امن، استحکام اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

Keywords : Karachi Rangers Attack, Sarfraz Bugti, Terrorism Condemnation, National Security