مستونگ کا بلیک امبر سیزن عروج پر، باغبان بہتر منڈیوں اور برآمدی مواقع کے منتظر
مستونگ کے گرین بیلٹ، خصوصاً کھڈکوچہ میں بلیک امبر کی فصل عروج پر ہے اور اعلیٰ معیار کا پھل ملک بھر کی فروٹ منڈیوں میں بھیجا جا رہا ہے۔ باغبانوں نے حکومت سے بہتر مارکیٹنگ، کولڈ اسٹوریج، جدید پیکنگ اور برآمدی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس شعبے کو مزید فروغ مل سکے۔
رپورٹ:مستونگ
مستونگ کا گرین بیلٹ، خصوصاً کھڈکوچہ، بلوچستان کے اُن چند علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں پھلوں کے سرسبز باغات نہ صرف قدرتی حسن کو چار چاند لگاتے ہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کے روزگار کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔ باغبانی سے وابستہ کاشتکار، مزدور، پیکنگ ورکرز، ٹرانسپورٹرز اور پھلوں کے تاجر، سب کی معاشی سرگرمیاں انہی باغات سے وابستہ ہیں۔
ان دنوں مستونگ کے مشہور بلیک امبر کی فصل اپنے عروج پر ہے۔ باغات میں توڑائی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں درختوں سے تازہ پھل احتیاط سے اتار کر جدید انداز میں پیک کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد یہ اعلیٰ معیار کا پھل بلوچستان سمیت ملک بھر کی مختلف فروٹ منڈیوں میں بھیجا جاتا ہے، جہاں اپنی منفرد مٹھاس، خوشبو اور ذائقے کی بدولت اس کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے۔
مقامی باغبانوں کا کہنا ہے کہ اگر بہتر مارکیٹنگ، کولڈ اسٹوریج، جدید پیکنگ کی سہولیات اور برآمدات کے مواقع میسر آ جائیں تو مستونگ کا بلیک امبر نہ صرف عالمی منڈیوں تک پہنچ سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت باغبانی کے شعبے کی ترقی، کاشتکاروں کی معاونت اور پھلوں کی مؤثر ترسیل کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ اس شعبے سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کا مستقبل مزید محفوظ اور مستحکم بنایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق مستونگ کا سازگار موسم، زرخیز زمین اور قدرتی ماحول اعلیٰ معیار کے پھلوں کی پیداوار کے لیے نہایت موزوں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں پیدا ہونے والا بلیک امبر اپنی بہترین کوالٹی، دلکش رنگ اور منفرد ذائقے کی بدولت ملک کی مختلف فروٹ منڈیوں میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔

Keywords : Black Amber, Mastung, Fruit Harvest, Horticulture