نوشکی کے میٹھے انگوروں کی بہار، فصل کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے اعلیٰ معیار اور قدرتی مٹھاس سے بھرپور انگور ملک بھر کی منڈیوں میں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، جہاں انہیں خریداروں کی بھرپور توجہ حاصل ہے۔ انگوروں کی فصل نہ صرف بلوچستان کی پہچان ہے بلکہ ہزاروں خاندانوں کے لیے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کا اہم ذریعہ بھی بن رہی ہے۔
رپورٹ: نوشکی
بلوچستان۔ ایک ایسی سرزمین جہاں فطرت ہر موسم میں اپنی سخاوت کا ایک نیا رنگ بکھیرتی ہے۔ لیکن جب انگوروں کا موسم آتا ہے تو نوشکی کی زمین جیسے مٹھاس کی خوشبو سے بھر اٹھتی ہے۔ یہاں کے انگور صرف ایک پھل نہیں، بلکہ نوشکی کی پہچان ہیں۔ قدرتی مٹھاس، بے مثال ذائقہ اور اعلیٰ معیار نے انہیں ملک بھر میں ایک منفرد مقام دلایا ہے۔ بلوچستان کی زرخیز مٹی اور خشک، سازگار آب و ہوا مل کر ایسے انگور پیدا کرتی ہیں جو دیکھنے میں جتنے دلکش ہوتے ہیں، ذائقے میں اتنے ہی لاجواب۔ نوشکی کے انگور جلد مارکیٹ میں آتے ہیں، اسی لیے سیزن کے آغاز میں خریداروں کی پہلی پسند ہوتے ہیں۔ یہی تازہ خوشے پھر کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے دیگر شہروں کی منڈیوں کا رخ کرتے ہیں، جہاں ان کی مانگ ہر سال پہلے سے زیادہ نظر آتی ہے۔
انگور کا موسم ہزاروں خاندانوں کے لیے روزگار بھی لے کر آتا ہے۔ باغوں میں محنت کرتے مزدور، پیکنگ میں مصروف ہاتھ، لوڈنگ، ٹرانسپورٹ اور تجارت سے وابستہ افراد... سب کے لیے یہ موسم خوشحالی کی نئی داستان بن جاتا ہے۔

Keywords : Nushki Grapes, Balochistan Agriculture, Grape Harvest, Balochistan Fruit Market