بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 11 ہزار سے زائد طلبہ کو شہری تعلیم کی تربیت فراہم
بلوچستان یوتھ سوشو اکنامک ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت کوئٹہ کے تعلیمی اداروں میں منعقدہ تربیتی سیشنز کے ذریعے 11 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو شہری حقوق، فرائض اور سماجی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاء نے پروگرام کو نوجوانوں میں خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیتوں اور مثبت سوچ کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن اور مشیر وزیراعلیٰ برائے یوتھ افیئرز مینا مجید بلوچ کی سرپرستی میں بلوچستان یوتھ سوشو اکنامک ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت کوئٹہ کے مختلف اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں شہری تعلیم اور نوجوانوں کی شخصیت سازی سے متعلق تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کے تحت اب تک 11 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو شہری حقوق و فرائض، قانون کی پاسداری، جمہوری اقدار، سماجی ذمہ داریوں اور مثبت سماجی کردار کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا چکی ہے۔ تربیتی سیشنز کے دوران مختلف عملی مشقیں، گروپ سرگرمیاں اور انٹرایکٹو ایکٹیویٹیز بھی کرائی گئیں جن میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
شرکاء نے پروگرام کو نوجوانوں کی رہنمائی، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تربیت نے ان میں سماجی ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور مشیر وزیراعلیٰ مینا مجید بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسے پروگراموں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

Keywords : Civic Education, Youth Development, Leadership Training, Balochistan Youth Program