پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں نمایاں پیش رفت
واشنگٹن میں پاکستان اور امریکا کے درمیان مجوزہ باہمی تجارتی معاہدے پر دو روزہ مذاکرات میں ٹیرف، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر اہم پیش رفت ہوئی۔ دونوں ممالک نے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے، دوطرفہ تجارت بڑھانے اور توانائی، آئی ٹی، معدنیات و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
واشنگٹن: پاکستان اور امریکا کے درمیان مجوزہ ریسی پروکل ٹریڈ ایگریمنٹ پر واشنگٹن میں دو روزہ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ مذاکرات میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کے فروغ، ٹیرف سے متعلق امور کے حل، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق 9 اور 10 جولائی کو ہونے والے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، جن میں اختلافی نکات پر پیش رفت ہوئی اور معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، دوطرفہ تجارت کو اقتصادی تعاون کا مؤثر ذریعہ بنانا اور موجودہ تجارتی روابط کو متنوع اور وسعت دینا ہے۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت جواد پال نے کی، جبکہ وفد میں سیکریٹری، وزارتِ سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل ندیم چوہدری، ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی، جوائنٹ سیکریٹری (ٹیرف پالیسی) محمد اشفاق اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے حکام بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں باہمی ٹیرف انتظامات کے علاوہ انرجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، منرلز، انویسٹمنٹ، انڈسٹریل کوآپریشن اور پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت کو فروغ دینے جیسے امور بھی زیر غور آئے۔ پاکستان نے بالخصوص ٹیکسٹائل سمیت اپنی برآمدات کے لیے امریکی منڈی تک بہتر رسائی کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ امریکی فریق نے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور ریگولیٹری کنسسٹنسی کی اہمیت پر زور دیا۔
حکام کے مطابق دونوں ممالک باہمی تجارتی معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے رابطے میں ہیں۔
.jpeg)
Keywords : Pakistan-US Trade, Reciprocal Trade Agreement, Bilateral Trade, Economic Cooperation