ونٹر کیمپس کا بڑھتا ہوا رجحان: کیا بچوں کو بھیجنا چاہیے؟
بلوچستان میں سردیوں کے دوران اسکول بند ہونے کی وجہ سے بچے گھر پر بیٹھ جاتے ہیں، لیکن ونٹر کیمپس انہیں پڑھائی کے ساتھ عملی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع دیتے ہیں۔ یہ کیمپس بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما، تخلیقی سوچ، ٹیم ورک اور اعتماد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ والدین کے لیے بھی فائدہ یہ ہے کہ بچوں کا وقت ضائع نہیں ہوتا اور وہ چھٹیوں کے دوران نئی مہارتیں سیکھتے ہیں۔ بنیادی خواندگی اور ریاضی کی مہارتیں (FLN) سیکھنے کے لیے یہ کیمپس اہم ہیں اور بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھتے ہیں۔
لوگوں کے درمیان ونٹر کیمپس کا رجحان: کیا بچوں کو ونٹر کیمپ بھیجنا چاہیئے یا نہیں؟
تحریر : عروبہ شہزاد
تعلیم صرف کتابوں اور کلاس روم تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ بلوچستان میں اکثر سردیوں کے مہینے اسکول بند رہتے ہیں، اور بچے گھر پر بیٹھ جاتے ہیں۔ ایسے میں ونٹر اسکول کیمپ بچوں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ کیمپ بچوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ عملی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کا موقع دیتا ہے۔ مثال کے طور پر، بچے کمپیوٹر سیکھ سکتے ہیں، سائنسی تجربے کر سکتے ہیں، یا کھیل کود میں حصہ لے کر اپنی توانائی نکال سکتے ہیں۔ یہ صرف تفریح نہیں بلکہ بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے بہت ضروری ہے۔
ایک اور فائدہ یہ ہے کہ بچے دوسروں کے ساتھ میل جول سیکھتے ہیں۔ فرض کریں کہ کراچی یا لاہور میں بچوں کو سردیوں میں مختلف ورکشاپس یا کیمپ میں شرکت کا موقع ملتا ہے، تو وہ نئی چیزیں سیکھ کر واپس آتے ہیں۔ بلوچستان میں بھی اگر بچے ونٹر کیمپ میں جائیں تو وہ نہ صرف پڑھائی میں پیچھے نہیں رہیں گے بلکہ نئے دوست بھی بنائیں گے اور ٹیم ورک سیکھیں گے۔یہ کیمپ والدین کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔ بچوں کا وقت ضائع نہیں ہوتا اور وہ چھٹیوں کے دوران کچھ نیا سیکھتے ہیں۔ اگر بلوچستان میں اس رواج کو بڑھایا جائے تو بچوں میں تعلیم کا شوق پیدا ہوگا، اور وہ اپنے مستقبل کے لیے زیادہ تیار ہوں گے۔ ونٹر اسکول کیمپ میں جو چیز سب سے زیادہ مددگار ثابت ہوتی ہے، وہ ہے بنیادی خواندگی اور حساب Foundational Literacy and Numeracy (FLN) ۔ یہ وہ مہارتیں ہیں جو بچے ابتدائی سالوں میں سیکھتے ہیں، جیسے:
سننا اور بات چیت کرنا ( communication skills )
سمجھ کے ساتھ پڑھنا ( رٹے نا مارنا )
سادہ جملے بنانا (خود سے سوچ کر لکھنا )
آسان ریاضیاتی تصورات (گنتی، جمع، تفریق وغیرہ) کو سمجھنا اور استعمال کرنا
یہ مہارتیں بچوں کی تعلیم کی مضبوط بنیاد بنتی ہیں اور انہیں مستقبل میں سیکھنے، سوچنے اور زندگی میں کامیاب ہونے کے لیے تیار کرتی ہیں۔ اگر بچے یہ مہارتیں ابتدائی کلاسوں تک حاصل کر لیں تو وہ آگے تعلیم میں بہتر طریقے سے سیکھ سکتے ہیں اور 21ویں صدی کی ضروری مہارتیں بھی حاصل کر پاتے ہیں۔
ونٹر اسکول کیمپ بچوں کی تخلیقی سوچ کو نکھارنے میںاور تعلیم کی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ یہ نہ صرف پڑھائی میں مدد دیتے ہیں بلکہ بچوں کو عملی مہارتیں، اعتماد اور ٹیم ورک سکھاتے ہیں۔ بلوچستان میں اس کا رواج بڑھانا بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔