کوئٹہ میں پاکستان کا پہلا انٹرنیشنل فٹبال ٹریننگ کیمپ 27 جنوری سے 6 فروری تک منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے منتخب انڈر 21 اور انڈر 12 کے کھلاڑی شریک ہیں۔ کیمپ میں بین الاقوامی ماہر کوچز کی زیرِ نگرانی جدید فٹبال تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ خواتین فٹبال کے فروغ کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی اور عالمی سطح پر نمایاں مواقع فراہم کرنا ہے۔
بلوچستان میں فٹبال سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ 63 نوجوان فٹبالرز، جن میں 12 خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں، کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے 6 رکنی غیر ملکی کوچنگ ٹیم کوئٹہ پہنچ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق یہ اقدام صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح تک لے جانے کے عزم کا عملی اظہار ہے۔
صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طالبات کے لیے نو تعمیر شدہ گرلز کامن روم کا افتتاح کیا۔ دورے کے دوران فیز ٹو کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا گیا اور آئندہ یونیورسٹی اسپورٹس ویک کے لیے مالی تعاون کا اعلان بھی کیا گیا۔
محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا، جس میں کوئٹہ بھر سے 148 ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل میچ میں شہید عبدلالی کرکٹ کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی، جبکہ سیکرٹری کھیل درا بلوچ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
نوشکی سے تعلق رکھنے والی فرح یوسف نے اپنی محنت اور لگن سے کھیلوں کے میدان میں تاریخ رقم کی ہے۔ وہ پہلی خاتون ہیں جو ضلع نوشکی سے منتخب ہو کر پاکستان کی نمائندگی بطور کوچ اور ریفری کر چکی ہیں۔ ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن اور کرکٹ میں مہارت رکھنے والی فرح یوسف نوجوان لڑکیوں کے لیے حوصلہ افزا مثال ہیں اور یہ ثابت کرتی ہیں کہ عزم و ہمت کے ساتھ خواتین کھیلوں کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔
آل کوئٹہ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا راؤنڈ ایوب اسپورٹس کمپلیکس میں مکمل ہوگیا، جس میں کھیلے گئے تین میچز کے بعد ٹائیگر رئیسانی زیارت، افغان زلمی اور حیدر فائٹر نوحصار نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تیسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے میچز کل کھیلے جائیں گے۔
کوئٹہ میں پہلا آل کوئٹہ بلوچستان اسپورٹس بورڈ فٹسال ٹورنامنٹ ایف بی آر دفتر سپنی روڈ میں جاری ہے، جہاں آج تین میچز کھیلے گئے۔ شمشیر افغان، شہید فہد اور کوئٹہ یونائٹیڈ فٹسال کلب نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ مہمانانِ خصوصی نے کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
تربت کے کیچ اسٹیڈیم میں کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول 2026 کے تحت فٹبال، والی بال اور کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلے منعقد ہوئے، جن میں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اور شائقین کا جوش و خروش نمایاں رہا۔ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے قیام کے لیے یہ فیسٹیول اہم اقدام ثابت ہوا۔
محکمہ کھیل بلوچستان کے زیرِ اہتمام اتوار 11 جنوری 2026 کو کوئٹہ میں ’’رن فار فن‘‘ کے نام سے پانچ کلومیٹر ریس منعقد کی جائے گی۔ ریس ایئرپورٹ روڈ سے ایوب اسپورٹس کمپلیکس تک ہوگی، جس میں پہلی پوزیشن پر 50 ہزار، دوسری پر 30 ہزار اور تیسری پوزیشن پر 15 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
محکمہ کھیل حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام آل کوئٹہ بلوچستان سپورٹس بورڈ فٹسال ٹورنامنٹ کا افتتاح صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کیا۔ ٹورنامنٹ میں تقریباً 400 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ 15 دن تک کوئٹہ کے مختلف مقامات پر جاری رہے گا۔
کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے چوتھے روز گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت میں ویمن اسپورٹس ایونٹس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ فٹبال، رسہ کشی اور کرکٹ کے مقابلوں میں طالبات نے بھرپور جوش و جذبے سے حصہ لیا۔
آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر نے قومی و بین الاقوامی باکسنگ چیمپئن ملائکہ زاہد کی شاندار کامیابیوں پر انہیں سراہتے ہوئے دو لاکھ روپے کا انعام دیا اور مستقبل میں مزید محنت اور تعلیم جاری رکھنے کی تلقین کی۔
بلوچستان کے شہر تربت میں بارہ روزہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا آغاز امن، بھائی چارے اور کھیلوں کے فروغ کے پیغام کے ساتھ ہوا۔ فیسٹیول میں ملک بھر اور ایران سے ٹیمیں شریک ہیں جبکہ مرد و خواتین مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام آل کوئٹہ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی میچ میں سلیمان سپورٹس نے وحدت گرین کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ میں تقریباً ڈیڑھ سو ٹیمیں شریک ہیں اور مقابلے کوئٹہ کے چھ مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔
شارجہ میں منعقد ہونے والے 54ویں شیخ محمد بن زاید اونٹ ریسنگ فیسٹیول کے موقع پر پاکستان کے 18 سالہ نوجوان احسن یاسین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوتھ کیمل ریس جیت کر حاضرین کو حیران کر دیا۔
احسن یاسین نے سخت مقابلے کے بعد نہ صرف یہ اعزاز اپنے نام کیا بلکہ انہیں مقابلے کی سب سے بڑی کامیابی سمجھے جانے والے گولڈن کیمل ٹرافی سے بھی نوازا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑی نے 50 ہزار اماراتی درہم کی خطیر انعامی رقم بھی حاصل کی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 38 لاکھ روپے بنتی ہے۔
یہ عالمی سطح کا اونٹ ریسنگ فیسٹیول متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں منعقد ہوا، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور تجربہ کار اونٹ سواروں نے شرکت کی۔ مقابلے کے دوران احسن یاسین نے اپنی غیر معمولی مہارت، رفتار اور حکمتِ عملی سے دیگر تمام شرکاء کو پیچھے چھوڑ دیا۔
احسن یاسین کی اس تاریخی کامیابی پر فیسٹیول کے منتظمین، شائقین اور پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایسے مقابلے نہایت اہم ہیں اور احسن یاسین کی کامیابی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
پاکستانی عوام اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے احسن یاسین کی اس شاندار فتح کو ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
حب میں منعقدہ تیسرے سندھ بلوچستان پیپلز فٹبال ٹورنامنٹ کا اختتام سکھر ڈویژن کی شاندار فتح کے ساتھ ہوا۔ فائنل میں سکھر ڈویژن نے ژوب ڈویژن کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو نقد انعامات دیے گئے جبکہ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل بلوچستان کی قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
سیکرٹری کھیل بلوچستان درا بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ 35ویں نیشنل گیمز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بلوچستان کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں جلد ایک پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں انہیں کیش انعامات دیے جائیں گے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔
سال 2025 بلوچستان کے کھیلوں کے لیے تاریخی رہا۔ پہلی ویمنز گیمز، فٹبال اور کرکٹ گولڈ کپ، بلوچستان گیمز اور متعدد ڈویژن فیسٹیولز کامیابی سے منعقد ہوئے۔ 35ویں نیشنل گیمز میں صوبائی کھلاڑیوں نے چار گولڈ اور 48 مجموعی میڈلز جیت کر بلوچستان کا نام روشن کیا۔ سال 2025 میں پاکستان میں سب سے زیادہ میگا اسپورٹس ایونٹس بلوچستان میں ہوئے۔
حب: (محمد خان کاکڑ) محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام سندھ بلوچستان پیپلز گیمز کے تحت "تیسرا سندھ بلوچستان کرکٹ اور ٹورنامنٹ" حب میں جاری ہے، فٹبال ٹورنامنٹ میں آج بھی دو دلچسپ اور سنسنی خیز میچز جام میر غلام قادر خان فٹبال گراؤنڈ میں کھیلے گئے، پہلا میچ نواب شاہ ڈویژن اور نصیرآباد ڈویژن کے مابین کھیلا گیا جو کے نواب شاہ ڈویژن نے دو کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا، دوسرا میچ کوئٹہ ڈویژن اور لورالائی ڈویژن کے مابین کھیلا گیا دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، لورالائی ڈویژن نے سات کے مقابلے آٹھ گول سے جیت کر اگلے راٶنڈ تک رسائی حاصل کی، پیپلز پارٹی کے تحصیل صدر سرفراز سومرو اور صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کے پی ایس منور خاصخیلی آج کے میچز کے مہمان خصوصی تھے جن کا میچ کے دوران دونوں ٹیموں سے تعارف کروایا گیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر حب عادل بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس مرید لانگو، فٹبال کوچ محمد ہاشم لانگو و دیگر سمیت تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔
جامعہ بلوچستان میں جدید سہولیات سے آراستہ بین الاقوامی معیار کے اسکواش کورٹ کا افتتاح کیا گیا، جس میں عالمی نمبر 8 اسکواش کھلاڑی زبیر احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو صحت مند اور مثبت کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنا ہے۔