وفاقی حکومت کا بلوچستان کے 150 نرسنگ طلبہ کی ڈگریاں بحال کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے بلوچستان کے 150 نرسنگ طلبہ کو درپیش تعلیمی بحران ختم کرتے ہوئے ان کی ڈگری کی حیثیت بحال کرنے اور 47 متاثرہ طلبہ کی پاکستان نرسنگ کونسل میں رجسٹریشن کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس سے طلبہ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کی راہ ہموار ہو گئی۔
کوئٹہ: وفاقی حکومت نے بلوچستان کے 150 نرسنگ طلبہ کو درپیش طویل عرصے سے جاری تعلیمی اور پیشہ ورانہ غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی ڈگری کی حیثیت بحال کرنے اور متاثرہ طلبہ کی پاکستان نرسنگ کونسل (پی این سی) میں رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
یہ پیش رفت سینیٹر جان محمد بلیدی اور وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال کے درمیان ہونے والی ملاقات اور بعد ازاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سامنے آئی۔ اجلاس میں وزارتِ صحت، ہیلتھ سروسز اکیڈمی، پاکستان نرسنگ کونسل، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سینیٹر جان محمد بلیدی نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ حکومت بلوچستان کے عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے بلوچستان ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت 150 طلبہ کو اسلام آباد کی ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام اِن نرسنگ میں داخلہ دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اکیڈمی نے یکطرفہ طور پر اس ڈگری پروگرام کو تربیتی کورس میں تبدیل کر دیا، جس سے تمام طلبہ کی تعلیمی حیثیت متاثر ہوئی جبکہ 47 طلبہ پاکستان نرسنگ کونسل میں رجسٹریشن سے بھی محروم ہو گئے۔
اس سے قبل یہ معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت میں بھی زیرِ بحث آیا تھا، جہاں سینیٹر جان محمد نے انکشاف کیا تھا کہ 47 طلبہ نے دو سال تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد معلوم کیا کہ ان کا پروگرام پاکستان نرسنگ کونسل سے رجسٹرڈ ہی نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس منصوبے پر عالمی بینک کے فنڈز سے تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کیے گئے اور معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اور مستقل حل نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 47 متاثرہ طلبہ کو خصوصی رعایت کے تحت پاکستان نرسنگ کونسل میں رجسٹریشن دی جائے گی، جبکہ تمام 150 طلبہ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم شدہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام اِن نرسنگ کی ڈگری جاری کی جائے گی۔
سینیٹر جان محمد بلیدی نے وفاقی وزیر صحت، وزارتِ قومی صحت، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان نرسنگ کونسل، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور دیگر اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے 150 طلبہ اور ان کے خاندانوں کو درپیش غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا ہے اور ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔

Keywords : Balochistan Students, Nursing Degree, Pakistan Nursing Council, Higher Education Commission