اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی، جس میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، خواتین و نوجوانوں کے حقوق اور وفاق و صوبے کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قلعہ عبداللہ میں ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز نے غیرقانونی پوست کی کاشت کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران تین ٹیوب ویلز کو مسمار اور 110 سولر پلیٹس ضبط یا توڑ دی گئیں، جبکہ بھاری مقدار میں چرس کی کاشت بھی برآمد ہوئی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ غیرقانونی منشیات کی کاشت کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
کراچی / گوادر : پاک فوج کی معاونت سے گوادر یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کا کراچی کا مطالعاتی دورہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ اس دورے کا مقصد طلبہ کو تعلیمی، دفاعی اور عملی مشاہدات فراہم کرنا تھا تاکہ ان کے علم اور فہم میں اضافہ ہو سکے۔ دورے کے دوران طلبہ نے مزارِ قائد کا دورہ کیا، جہاں بانیٔ پاکستان کی جدوجہد اور قومی تاریخ سے آگاہی حاصل کی۔ بعد ازاں انہیں پاکستان ایئر فورس میوزیم لے جایا گیا، جہاں پاک فضائیہ کی تاریخ، پیشہ ورانہ خدمات اور دفاعی کردار سے متعلق تفصیلی معلومات دی گئیں۔ طلبہ نے پاکستان میری ٹائم میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں بحری امور کی اہمیت اور پاک بحریہ کے کردار پر جامع بریفنگ دی گئی، اور سمندری دفاع و بحری سلامتی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی فراہم کی گئی۔ علم و آگاہی کے فروغ کے لیے جامعہ کراچی کا بھی دورہ کرایا گیا، جہاں طلبہ نے اعلیٰ تعلیمی ماحول، تحقیقی رجحانات اور تدریسی نظام سے واقفیت حاصل کی۔ سماجی و تفریحی سرگرمیوں کے دوران طلبہ کو بحریہ ٹاؤن، ایفل ٹاور اور کارنیول پارک کے دورے کرائے گئے، جس سے ذہنی تازگی اور مثبت تجربات حاصل ہوئے۔مطالعاتی دورے کے اختتام پر گوادر یونیورسٹی کے طلبہ نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ دورہ ان کے علم، سوچ اور اعتماد میں اضافہ کا سبب بنا اور ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔
دشت دورو کنڈگ کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے بند ہونے والی گوادر–دشت مرکزی شاہراہ کو اسسٹنٹ کمشنر گوادر کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر کلیئر کر کے ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا، جس سے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 111 سرکاری آسامیوں پر مکمل طور پر میرٹ، پیپر لیس اور آن لائن بنیادوں پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد کرپشن، اقرباء پروری کے خاتمے اور شفاف طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا ہے، جبکہ کامیاب امیدواروں کو ایک گھنٹے کے اندر تقرری لیٹر جاری کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد خان بگٹی کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے محکمہ امورِ نوجوانان حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچستان یوتھ سوشو اکنامک ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ میں ایک روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی سیشن کا موضوع “بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے اسکالرشپس اور فیلوشپس: ایک عملی رہنمائی” تھا، جس میں 87 سے زائد طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
سیشن کی ٹرینر محترمہ ملائکہ اعظم نے طالبات کو ملکی و بین الاقوامی اسکالرشپس اور فیلوشپس، درخواست دینے کے طریقہ کار، اہلیت کے معیار، مطلوبہ دستاویزات کی تیاری اور میرٹ پر مبنی انتخاب کے مراحل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے عملی مثالوں، سوال و جواب کے سیشن اور رہنمائی پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے طالبات کی مؤثر رہنمائی کی۔
طالبات نے تربیتی سیشن میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور اسے اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں انہیں اعلیٰ تعلیم اور عالمی مواقع تک رسائی حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
محکمہ امورِ نوجوانان کی یہ کاوش وزیر اعلیٰ بلوچستان کے نوجوانوں، بالخصوص طالبات، کو تعلیم، ترقی اور خودمختاری کے مواقع فراہم کرنے کے وژن کی عملی عکاس ہے۔
حکومتِ بلوچستان نے صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری چائلڈ نرسریوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کوئٹہ میں پیش آنے والے بچے کی تبدیلی کے واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات، ڈی این اے ٹیسٹ اور بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے ذریعے شفاف انکوائری کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاک بحریہ کی جانب سے جدید ایل وائی 80 دفاعی میزائل کے کامیاب تجربے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے اسے ملکی دفاع کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
پاکستان کے زرعی شعبے میں اہم سائنسی پیش رفت کے تحت پنجاب یونیورسٹی اور چین کی وہان یونیورسٹی کے ماہرین نے مشترکہ تحقیق سے ہائبرڈ چاول کی نئی قسم PU786 تیار کر لی ہے، جو فی ایکڑ پیداوار کو تین گنا بڑھا سکتی ہے۔ یہ بیج شدید گرمی، کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت رکھتا ہے اور چاروں صوبوں میں کامیاب آزمائش کے بعد باضابطہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سے کسانوں کی آمدن، چاول کی برآمدات اور قومی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے تعاون سے یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کے طلبہ و اساتذہ کے لیے کوئٹہ، اسلام آباد، مری اور لاہور پر مشتمل ایک تفریحی و تعلیمی دورہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کو قومی ورثے اور مختلف ثقافتوں سے روشناس کرانا تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے کراچی میں ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون سے سرحدی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی، معاشی صورتحال اور بین الصوبائی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں کہ معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین انتقال کر گئی ہیں، مکمل طور پر جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
اس بات کی تصدیق خود عابدہ پروین کی بیٹی نے کی ہے اور کہا کہ ان کی والدہ بالکل خیریت سے اور صحت مند ہیں۔
بیٹی نے وضاحت کی کہ لاہور کے علاقے دلگران چوک میں ایک خاتون کا انتقال ہوا تھا جس کا نام بھی عابدہ پروین تھا، جس کے باعث غلط فہمی پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ لیجنڈری گلوکارہ کی وفات کی خبریں سراسر غلط ہیں اور مداحوں کو گمراہ کرنے کے لیے پھیلائی گئی ہیں۔
عابدہ پروین کی بیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف مستند اور قابلِ اعتماد ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔
غیر مصدقہ خبروں کی وجہ سے ملک بھر اور بیرونِ ملک میں عابدہ پروین کے مداحوں میں تشویش پیدا ہوئی، جس پر خاندان نے میڈیا اور عوام سے درخواست کی کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں اور فنکارہ اور ان کے اہلِ خانہ کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
واضح رہے کہ عابدہ پروین کو پاکستان کی عظیم ترین صوفی گلوکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے اور ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 21ویں اجلاس میں عام آدمی کے لیے الیکٹرک بائیکس اسکیم، سرکاری ملازمین کے لیے ہیلتھ انشورنس، میرٹ پر تعیناتیوں اور انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ پروگرام کی توسیع سمیت اہم فیصلے کیے گئے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے مواصلاتی اور تعلیمی منصوبوں کے آغاز پر اظہارِ تشکر بھی کیا گیا۔
کئی روز کے اضافے کے بعد ملک میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 1200 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 66 ہزار 762 روپے ہو گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1028 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 173 روپے ہو گئی ہے۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے، جہاں فی اونس سونے کا بھاؤ 12 ڈالر کم ہو کر 4444 ڈالر ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ عالمی مارکیٹ کی صورتحال اور ملکی معاشی عوامل پر منحصر ہوتا ہے، اور سرمایہ کاروں کو اس حوالے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ، کچلاک اور سبی میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 79 کھانے پینے کے مراکز کی جانچ کی، سنگین بے ضابطگیوں پر 33 مراکز کے خلاف کارروائی جبکہ 25 مراکز کو جرمانے عائد کیے گئے۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کوئٹہ میں ملاقات کی، جس میں ملک اور بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ گورنر بلوچستان نے کراچی تا چمن قومی شاہراہ N25 کے افتتاح پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے خطے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ ملاقات میں کوئٹہ تا جدہ براہِ راست پرواز کی بحالی، کوئٹہ، ژوب اور اسلام آباد ایکسپریس وے کی تعمیر، اور پی آئی اے کے مہنگے کرایوں میں کمی و پروازوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی بجٹ کے وسائل کا سو فیصد شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صوبائی حکومت کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مکمل وفاقی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ گزشتہ برس بلوچستان میں 90 ہزار سے زائد خفیہ آپریشنز کیے گئے، جس میں 7 سو سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دہشت گردانہ حملوں میں آخری تین ماہ میں کمی آئی۔ نیا ادارہ نیفٹیک قائم کیا گیا ہے جو مارچ تک تمام اضلاع میں فعال ہو جائے گا۔ گرفتار دہشت گرد ساجد احمد عرف شاویز اور دیگر نوجوان کالعدم تنظیموں سے وابستہ تھے اور جدید اسلحہ و خودکش جیکٹس سمیت پکڑے گئے۔ نوجوانوں کو پھر سے معاشرے میں شامل کرنے کا عمل جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں کم بی ٹی یو گیس کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کرنے کے لیے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا۔ قلات اور سوئی کے گیس فیلڈز پر مختلف صنعتوں کے قیام سے روزگار کے مواقع اور ٹیکس ریونیو میں اضافے کی توقع ہے۔
وزیراعظمِ پاکستان میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ این-25 کراچی تا چمن شاہراہ اور دانش اسکولوں کا افتتاح بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم ڈی ایچ اے کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔