کوئٹہ میں ڈی آئی جی عمران شوکت کی زیرِ نگرانی رینک پِننگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں 24 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر اور 19 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ تقریب میں سینئر افسران اور اہلِ خانہ کی شرکت نے اسے یادگار بنا دیا۔
ملک بھر کے ایئرپورٹس پر نئی اور جدید اسکیننگ مشینز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایئرپورٹس اتھارٹی اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے تمام بڑے اور چھوٹے ایئرپورٹس کا تفصیلی سروے مکمل کر لیا ہے۔
نئی مشینوں کی تنصیب سے مسافروں کے سامان کی تیز اور مؤثر اسکیننگ ممکن ہو گی اور اسمگلنگ کے خلاف اقدامات میں بھی مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق یہ مشینیں سیکورٹی کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
یہ جدید اسکیننگ مشینز لگانے کا منصوبہ اربوں روپے مالیت کا ہے اور اس سے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔
کوئٹہ میں صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 74 مراکز کی جانچ پڑتال کی، 20 مراکز کے خلاف کارروائی، 20 سے زائد پوائنٹس کو جرمانے جبکہ غیر معیاری اور مضر اشیاء ضبط کر کے تلف کی گئیں۔
انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔ کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف سی نارتھ بلوچستان نے سال 2025 کے دوران عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مختلف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کھلی کچہریاں، جرگے، فری میڈیکل کیمپس، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مقابلے اور مسافروں کی سہولت کے اقدامات کیے گئے، جبکہ شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات اور داد رسی بھی کی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ تشدد کے قیام اور کردار سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان، انتہاپسندی کے تدارک، نوجوانوں کی رہنمائی اور مثبت بیانیے کے فروغ پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنک اور گرین بس سروس منصوبے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق چل رہے ہیں۔ کوئٹہ کے لیے 21 نئی بسیں لائی گئی ہیں جن میں سے 5 پنک بسیں خواتین کے لیے مختص ہیں۔ پنک بس سروس خواتین کو محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے، جبکہ مستقبل میں اس منصوبے کو دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت منعقدہ سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی، خالی آسامیوں پر شفاف تقرریوں، کیش لیس اکانومی کے فروغ اور سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال پر اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو جسٹس آف پیس کے اختیارات دے دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد عوامی شکایات اور پولیس سے متعلق امور کا فوری اور مؤثر حل یقینی بنانا ہے۔
نئے سال کے آغاز پر بلوچستان حکومت نے خواتین اور طالبات کے لیے پنک بس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد خواتین کو محفوظ، باوقار اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ آئندہ مرحلوں میں اس سروس کو دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔
تربت میں سیکیورٹی فورسز اور کسٹمز حکام نے مشترکہ کارروائی کے دوران مشتبہ گاڑی سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
کیڈٹ کالج جعفرآباد میں یومِ والدین کی بارہویں سالانہ تقریب شاندار اور منظم انداز میں منعقد ہوئی، جس میں کیڈٹس کی پریڈ، جسمانی مظاہرے اور ثقافتی شو نے حاضرین کو متاثر کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی آئی جی ایف سی بلوچستان محمد عاطف مجتبیٰ تھے۔ والدین نے اپنے بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کالج کی معیاری تعلیم و تربیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
کوئٹہ میں اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول میں 19ویں بیسک کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 124 بیسک اور 118 ریفریشر کورس کے اہلکاروں نے تربیت مکمل کی۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی، منظم جرائم اور بیرونی مداخلت کو بڑے چیلنجز قرار دیا اور پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تربیت اور سخت رویے سے لیس کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
کوئٹہ میں ایس او ایس چلڈرن ولیج کے زیرِ کفالت بچوں نے نئے سال کا آغاز خوشیوں اور مسکراہٹوں کے ساتھ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر بچوں کے لیے کیک اور تحائف بھجوائے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے پیغام میں بچوں کی فلاح و بہبود کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تعلیمی سال 2026ء کے دوران درسی کتب کی اشاعت سے متعلق ٹینڈرز کے عمل میں محکمۂ ثانوی تعلیم نے تقریباً ایک ارب 25 کروڑ روپے کی مالی بچت یقینی بنائی
محکمہ ثانوی تعلیم بلوچستان نے تعلیمی سال 2026ء کے لیے درسی کتب کی تیاری میں شفافیت اور مؤثر طریقہ اپنایا، جس سے صوبے کے خزانے میں تقریباً ایک ارب 25 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کے رہنمائی میں، سیکرٹری تعلیم اسفندیار خان کی نگرانی میں ٹیکسٹ بک بورڈ نے کم خرچ میں زیادہ کتابیں شائع کیں۔ اس سال ایک کروڑ 15 لاکھ کتابیں صرف 88 کروڑ 31 لاکھ روپے میں تیار ہوئیں، یعنی ہر صفحے کی لاگت صرف 0.65 پیسے تھی، جو بہت کم ہے۔
کتابوں کی طلب میں اضافہ اس لیے ہوا کہ صوبائی حکومت نے 4 ہزار بند اسکول دوبارہ کھولے اور 10 ہزار نئے اساتذہ کی تعیناتی کی، جس سے طلبہ کی تعداد بڑھ گئی۔ کتابوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نئے مضامین شامل کیے گئے، جیسے ناظرہ و ترجمہ قرآن، کمپیوٹر ایجوکیشن، ماحولیاتی تبدیلی اور شہریت و اخلاقیات۔
کتابوں کے مواد کو آسان اور جامع بنایا گیا تاکہ غیر ضروری چیزیں شامل نہ ہوں اور طلبہ اور اساتذہ پر بوجھ کم ہو۔ کتابوں کے سرورق کے لیے بہتر معیار کا کاغذ استعمال کیا گیا تاکہ وہ زیادہ دیرپا رہیں۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ آئندہ سال انگلش میڈیم کتابوں کی تیاری کو ترجیح دی جائے گی اور یہ شفاف طریقہ مستقل جاری رکھا جائے گا۔
وادیٔ زیارت میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ پہاڑی علاقے برف کی سفید چادر میں ڈھک گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر ایم سی کوئٹہ مجیب قمبرانی نے صفا کوئٹہ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسیٔ آب اور سیوریج نظام کا معائنہ کیا اور مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے نئے سال 2026 کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیا سال امید، خود احتسابی اور بہتر مستقبل کی تعمیر کا موقع ہے۔ انہوں نے سال 2025 کو اپنے تقریباً 40 سالہ سیاسی کیریئر کا سب سے مؤثر سال قرار دیا اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بہتری، بین الاقوامی روابط اور سرکاری دوروں کو اہم کامیابیاں بتایا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت امن و امان، شفافیت اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے عوامی فلاح، تعلیم، صحت، روزگار اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کو حکومتی ترجیحات قرار دیا۔
عورت فاؤنڈیشن بلوچستان کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران صوبے میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں قتل، غیرت کے نام پر قتل، اغواء، گھریلو تشدد، ہراسانی اور جنسی زیادتی سمیت 123 سنگین واقعات ریکارڈ کیے گئے، جب کہ غیر رپورٹ شدہ کیسز کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ عورت فاؤنڈیشن نے حکومت سے مؤثر قانونی و ادارہ جاتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔