زیارت دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد لواحقین کا 10 روزہ دھرنا ختم ہوا، جبکہ زیارت اور ہنہ اوڑک حملوں کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبائی وفد نے سکھر بیراج کا دورہ کیا، جہاں سندھ ایریگیشن حکام نے 24 سے 48 گھنٹوں میں بلوچستان کو مقررہ حصے کا پانی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ ارسا قوانین کے تحت بلوچستان کے آبی حقوق کا تحفظ اور کاشتکاروں کو بروقت پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر زیارت میں رورل ہیلتھ سینٹر احمدون اور بی ایچ یو کاوس غربی کے نام شہدائے پولیس کے نام سے منسوب کیے جائیں گے۔
سیکریٹری صحت کو دونوں عمارتوں کے ناموں کی تبدیلی کی منظوری کے لیے کیس فوری طور پر مجاز اتھارٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
زیارت پولیس کے شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے کوئلہ پھاٹک چوک کا نام تبدیل کرکے "شہدائے زیارت چوک" رکھ دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا فوری اطلاق ہوگا اور متعلقہ اداروں کو سرکاری ریکارڈ میں نئے نام کے استعمال کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے 17 سے 23 جولائی تک بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارشوں، آندھی، گرج چمک اور فلیش فلڈ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے جبکہ شہریوں کو برساتی ندی نالوں سے دور رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تحریری معاہدہ طے پا گیا، جس میں شہدائے زیارت کے لواحقین کے مطالبات پر عملدرآمد اور جوڈیشل کمیشن کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔
معاہدے کے تحت شہداء کے اہل خانہ کی کفالت، معاوضے، بچوں کی تعلیم، پولیس اصلاحات اور سرکاری عمارتوں کو شہداء کے نام سے منسوب کرنے سمیت متعدد اقدامات کیے جائیں گے۔
حکومت بلوچستان نے نئی انتظامی تقسیم کے تحت صوبے میں ڈویژنز اور اضلاع کی تعداد بڑھاتے ہوئے ضلع کوئٹہ کو مشرقی اور مغربی کوئٹہ میں تقسیم کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مستونگ کو بھی قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ صوبے میں اب 11 ڈویژنز اور 41 اضلاع ہو گئے ہیں۔
حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پٹرول کی قیمت میں 5.44 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31.05 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نصیر آباد ڈویژن میں پانی کی شدید قلت پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے رابطہ کیا، جس میں آبی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے اعلیٰ نے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے وزرائے آبپاشی کو فوری طور پر سکھر پہنچنے کی ہدایت دی، جبکہ نصیر آباد ڈویژن کے اراکین اسمبلی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
بلوچستان میں جاری آپریشن شعبان کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید تین دہشت گرد ہلاک کر دیے، جس کے بعد آپریشن میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 91 ہو گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 129 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے 18 سے 25 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث مقامی سیلاب، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 43 ایکڑ پر سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئی مضر صحت سبزیاں تلف کر دیں۔
اتھارٹی نے آلودہ پانی کی فراہمی کے ذرائع بند کرتے ہوئے محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس کے 26ویں اجلاس میں بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال اور آپریشن شعبان کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں، ریاستی رٹ کے استحکام اور امن کے قیام کے لیے تمام اداروں کے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ساؤتھ ایئر نے کراچی سے تربت کے راستے کوئٹہ اور بہاولپور کے راستے اسلام آباد کے لیے اپنی باقاعدہ اندرونِ ملک پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق نئی فضائی سروسز سے ملکی رابطوں، سیاحت، تجارت اور مسافروں کے سفری سہولیات میں بہتری آئے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج کوئٹہ کینٹ کے سامنے واقع سڑک کو "شہید پروفیسر ناظمہ طالب روڈ" کا نام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شاہد رند کے مطابق یہ اقدام شہید پروفیسر ناظمہ طالب کی تعلیمی خدمات اور عظیم قربانی کے اعتراف میں کیا جا رہا ہے، جبکہ اس حوالے سے ضروری کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹس اور دیگر فوڈ سروس فراہم کرنے والے اداروں پر 4 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی اور نگرانی مہم تیز کر دی ہے۔
بی آر اے نے کاروباری مالکان کو نئی ٹیکس شرح، بروقت ٹیکس گوشواروں، رجسٹریشن اور پی او ایس سسٹم کے مؤثر استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے خلاف ورزی پر قانونی کارروائی سے خبردار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کے چیئرمین سے ملاقات میں مون سون بارشوں کے دوران صوبائی حکومتوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں، ابتدائی انتباہی نظام کو مکمل فعال بنانے اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ جاری رابطہ کاری پر بھی بریفنگ دی گئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں گرم اور خشک موسم جبکہ بعض علاقوں میں بارش، گرج چمک اور آندھی کی پیشگوئی کی ہے۔
شہریوں کو موسم کی اچانک تبدیلیوں سے محتاط رہنے اور کاشتکاروں کو تیز ہواؤں اور گرد آلود طوفانوں سے فصلوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران آپریشن شعبان میں مزید تین دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جس کے بعد آپریشن میں مارے جانے والوں کی تعداد 88 ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں مجموعی طور پر 126 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے انٹرنیٹ کی سست رفتار اور بار بار سروس میں تعطل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بہتر سہولیات کی ضرورت پر زور دیا۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ نئے فائیو جی انفراسٹرکچر کی مرحلہ وار تنصیب آئندہ چھ سے آٹھ ماہ میں مکمل ہونے سے انٹرنیٹ کے معیار اور رفتار میں بہتری متوقع ہے۔